ابو ظہبی ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی پاکستان کے نام

ابو ظہبی ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی پاکستان کے نام


(24 نیوز)ابو ظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز شاہینوں کا کینگروز پر پلڑا بھاری رہا، محمد عباس کے 5 شکار اور فخر زمان کی ٹیسٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری نےقومی ٹیم کو آسٹریلیا پر 281 رنز کی برتری دلا دی۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز شاہینوں نے اونچی اڑان بھر لی ، پاکستان کی پہلی اننگز 282 آل آؤٹ کے جواب میں  آسٹریلیا 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی. آسٹریلیا نے دوسرے دن کا آغاز 20 رنز 2 وکٹوں کے نقصان سے شروع کیا تو ایک بار پھر محمد عباس کی بالنگ نے آسٹریلین بلے بازوں کو لاجواب کردیا۔ محمد عباس نے 33 رنز دے کر 5 آسٹریلین بالرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ضرور پڑھیں:کھراسچ، 18 جون 2019

بلال آصف نے 3 جبکہ یاسر شاہ نے 1 وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کی طرف سے ایرون فنچ 39 اور مچل سٹارک 34 رنز کےساتھ نمایاں رہے۔ 

 

137 رنز کی برتری سے پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور مچل سٹارک کا شکار بنے۔ محمد حفیظ کے آوٹ ہونے کے بعد ڈئبیوٹنٹ فخر زمان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابو ظہبی ٹیسٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کی تاہم 66 کے انفرادی سکور پر ناتھن لیون نے اپنی ہی گیند پر شاندار  ریٹرن کیچ تھام کر فخر زمان  کی اننگز کا اختتام کر دیا۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے جبکہ پاکستان کی مجموعی برتری 281 رنز کی ہو گئی ہے, اظہر علی نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے کیرئیر کی 29 ویں نصف سنچری سکور کی، اظہر علی 54 اور حارث سہیل 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے سٹارک وار لیون ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔