دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے انعام بٹ کی وطن واپسی


لاہور(24نیوز) کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا واحد میڈل جیتنے والے پہلوان انعام بٹ واپس وطن پہنچ گئے، لاہور ایئرپورٹ پر انعام بٹ کا مداحوں کی جانب سے پھولوں کی پتیوں سے والہانہ استقبال کیا گیا۔

کامن ویلتھ گیمز کے ریسلنگ ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے انعام بٹ واپس وطن پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر شائقین اور ریسلنگ فیڈریشن کے عہدیداروں نے انعام بٹ کا والہانہ استقبال کیا، ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور انعام بٹ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انعام بٹ کو کندھوں پر اٹھا لیا، لیکن بدقسمتی سے کوئی حکومتی نمائندہ وہاں موجود نہیں تھا۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں انعام بٹ نے کہا یہ ان کے لئے فخر کی بات ہے، لیکن یہ سب کچھ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کیا، انعام بٹ نے مطالبہ کیا کہ حکومت پہلوانوں کی سرپرستی کرے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا ناروا سلوک، یونس خان خوار ہو گئے

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے انعام بٹ کے لئے پچاس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا جبکہ ویٹ لفٹنگ میں کانسی کے تمغے حاصل کرنے والوں کیلئے بھی نقد انعام کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں انعام بٹ نے86 کلو گرام کیٹگری میں بھارتی اور کینیڈین پہلوانوں کو پچھاڑا۔ فائنل میں انعام بٹ نے اپنے نائیجیرین حریف میلون بیبو کو ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں کرنے دیا۔