نومنتخب وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھا لیا


اسلا م آباد( 24نیوز ) پاکستان کے بائیسویں نومنتخب وزیر اعظم عمران خان نے حلف اٹھا لیا ہے،صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے عہدے کا حلف لیا ہے۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیا۔تقریب کے بعد نو منتخب وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد  نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں جاری ہے۔تقریب میں شرکت کے لیے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سابق کرکٹر وسیم اکرم، اداکار جاوید شیخ، نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور دیگر مہمان پہنچ چکے ہیں۔


تقریب سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک دوسرے سے گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور گلے بھی ملے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سدھو کی جپھی۔۔ویڈیو دیکھیے

وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی تقریب میں خاص توجہ کا مرکز رہیں۔۔ بشریٰ بی بی نے آرمی چیف کی اہلیہ سے مصافحہ کیا اوربات چیت بھی کی-ایوان صدر کی تقریب میں اسپیکر اسد قیصر،جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق،غیرملکی سفیروں اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعظم عمران خان حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعظم ہاﺅس پہنچ چکے ہیں جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،وزیر اعظم نے چا ک و چوبند دستے کی سلامی کا معا ئنہ کیا،وزیر اعظم ہاﺅس کے ملازمین سے ان کا تعارف کروایا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان گارڈ آف آنر کا معائنہ کرتے ہوئے۔۔ویڈیو دیکھیے

یاد رہے عمران خان کو 176 ووٹ ملے جبکہ شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کیے۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر اسد قیصر نے کی، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان اور مسلم لیگ ن کے شہباز شریف مدمقابل تھے۔رائے شماری میں عمران خان کو تحریک انصاف کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان نیشنل پارٹی، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان نے ووٹ دیا۔