پاکستان نے سی پیک کا لانگ ٹرم پلان جاری کردیا


اسلام آباد (24نیوز) پاکستان نے سی پیک کا لانگ ٹرم پلان جاری کردیا، وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا پہلا بڑا ملک ہے   چین نے پاکستان کی معیشت کو مشکل وقت میں سہارا دیا  پاک چین تجارت میں چینی کرنسی استعمال کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں پاکستان میں صرف پاکستان کرنسی استعمال ہوگی کوئی اور کرنسی استعمال نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پلاننگ کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام سی پیک کے لانگ ٹرم پلان کو جاری کرنے کے لیے تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے سی پیک کا لانگ ٹرم پلان جاری کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کیا ہے چین کی حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کو معاشی سہارا دیا ہے جب دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں تھی چین نے سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ چین نے اب تک 27 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں صرف پاکستان کرنسی استعمال ہوگی کوئی اور کرنسی استعمال نہیں ہوگی، پاک چین تجارت میں چینی کرنسی استعمال کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں، پاک چین تجارت میں ڈالر کی بجائے چینی کرنسی استعمال پر غور کر رہے ہیں، ڈالر کی بجائے چینی کرنسی میں تجارت سے بار بار کرنسی تبدیل کرنی نہیں پڑے گی۔

چینی سفیر یاو جنگ کا کہنا تھا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی نے حال ہی میں ترقی کا نیا ماڈل منظور کیا ہے ۔ جس کے تحت ترقی کے لیے جدیدت کو اختیار کیا جائے گا۔ دونوں ممالک نے اتفاق رائے سے اس پلان کی منظوری دی ہے ۔ ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے لیے پاکستان کو فوکل پوائنٹ تصور کیا جاتا ہے۔ سی پیک لانگ ٹرم پلان میں وقت کے ساتھ تبدیلیاں ممکن ہوں گی۔