کابل: این ڈی ایس ٹریننگ سینٹر پر حملہ، دونوں حملہ آور ہلاک


کابل (24 نیوز) افغانستان کے دارالحکومت میں خفیہ ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے ٹریننگ سینٹر پر حملہ ، سینٹر پر حملہ کرنے والے دونوں دہشت گردوں ہلاک۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کابل میں افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے دفتر کے قریب زیر تعمیر عمارت میں دہشت گرد داخل ہوئے جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 6 مسلح افراد این ڈی ایس کے دفتر کے قریب ہی واقع زیر تعمیر عمارت میں گھسے اور انہوں نے ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملہ کے بعد اسپیشل فورسز نے علاقہ کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا جو 3 سے 4 گھنٹے تک جاری رہا۔

کابل میں این ڈی ایس کے ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا جس کی پولیس کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔

کابل پولیس چیف بشیر مجاہد کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلہ کے دوران 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جب کہ اس دوران کوئی عام شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔