شاہینوں کے شہر میں گِدھوں کی بھرمار، بنتِ حوا تیزاب گردی کا شکار

شاہینوں کے شہر میں گِدھوں کی بھرمار، بنتِ حوا تیزاب گردی کا شکار


سرگودھا (24 نیوز) شاہینوں کے شہر میں گِدھوں کا راج، کینٹ کے علاقہ میں بنت حوا کے چہرے پر تیزاب ڈال دیا گیا۔ معصوم لڑکی کا چہرہ جھلس گیا جس کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بہادروں کا شہر کہلانے والے سرگودھا میں بزدلی کی مثال قائم کرتے نا معلوم افراد نے چیمہ چوک کے قریب گھر میں کام کرنے والی تہمینہ کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔ تہمینہ گھر میں کام کر رہی تھی کہ ملزمان نے کھڑکی سے تیزاب پھینک دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے تہمینہ کے چہرے پر کھڑکی سے تیزاب اس وقت پھینکا جب وہ روز مرہ کے کام کرنے میں مصروف تھی۔ ملزمان تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تہمینہ کو زخمی حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ کینٹ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی تلاش شروع کر دی۔