ووٹ کا تقدس پامال کرنے کی ہمت کسی کی نہیں ہونی چاہیے: نواز شریف


شیخو پورہ (24 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کا تقدس پامال کرنے کی ہمت کسی کی نہیں ہونی چاہیے، کوئی ثابت کر دے نواز شریف نے کبھی رشوت لی ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

شیخو پورہ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کا تقدس پامال کرنے کی ہمت کسی کی نہیں ہونی چاہیے، کوئی ثابت کر دے نواز شریف نے کبھی رشوت لی ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ ہم پاکستان کے لیے دن رات کام کرتے رہے، اندھیروں کو ختم کر کے روشنیاں واپس لائے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ میں کس منہ سے آپ کو شکریا ادا کروں؟ آپ نے نااہل وزیراعظم کا اتنا شاندار استقبال کیا۔ الیکشن میں امپائر کی انگلی والوں کے ڈبے خالی رہیں گے، امپائر کی انگلی والوں کی چھٹی کا ٹائم آ گیا ہے۔ یہ قوم اس ملک پر 70 سال کے ظلم کا حساب لے گی۔ نواز شریف خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا۔

دوسری جانب مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کے بار بار اعتماد کے باوجود نواز شریف 5 سال پورے نہ کرسکے، نواز شریف کو ووٹ کی پرچی روندنے والوں نے نکالا۔ ہر بار کوئی نہ کوئی بہانہ کرکے نواز شریف کو خدمت سے روکا گیا، عوام سے محبت کی سزا نواز شریف کو ملتی ہے۔ کیا ایسے ہی پاکستان کا تماشہ بنتا رہے گا؟ ہم سب نواز شریف کے سپاہی ہیں، ہمارا نظام عدل آپ لوگوں کا مقروض ہے۔