سابق وزیراعظم نواز شریف نے مریم نواز کو انوکھا انٹرویو دیا


شیخوپورہ (24 نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی صاحبزادی کو انوکھا انٹرویو دیا، انہوں نے اپنی گاڑی میں مریم نواز کو انٹرویو دیا۔

تفصیلات کے مطابق اس انوکھے انٹرویو میں مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف سے کہا کہ آپ مجھے جرنلسٹس سمجھیں اور بتائیں کہ شیخوپورہ آکر آپ کو کیسا لگا، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کئی بار یہاں آیا، لیکن ایسا شیخوپورہ کبھی نہیں دیکھا۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ میں کس منہ سے شیخوپورہ کی عوام کا شکریا ادا کروں؟ انہوں نے نااہل وزیراعظم کا اتنا شاندار استقبال کیا۔

واضح رہے کہ شیخو پورہ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ووٹ کا تقدس پامال کرنے کی ہمت کسی کی نہیں ہونی چاہیے، کوئی ثابت کر دے نواز شریف نے کبھی رشوت لی ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ ہم پاکستان کے لیے دن رات کام کرتے رہے، اندھیروں کو ختم کر کے روشنیاں واپس لائے اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑا۔

دوسری جانب مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کے بار بار اعتماد کے باوجود نواز شریف 5 سال پورے نہ کرسکے، نواز شریف کو ووٹ کی پرچی روندنے والوں نے نکالا۔ ہر بار کوئی نہ کوئی بہانہ کرکے نواز شریف کو خدمت سے روکا گیا، عوام سے محبت کی سزا نواز شریف کو ملتی ہے۔ کیا ایسے ہی پاکستان کا تماشہ بنتا رہے گا؟ ہم سب نواز شریف کے سپاہی ہیں، ہمارا نظام عدل آپ لوگوں کا مقروض ہے۔