بارش سے ہر منظر سہانا، جاتی سردی کو بھی بریک لگ گئی

بارش سے ہر منظر سہانا، جاتی سردی کو بھی بریک لگ گئی


لاہور (24 نیوز) بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی برکھا رت نے ہر منظر سہانا بنادیا، محکمہ موسمیات نے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی،  پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

بارش نے سردی کوبریک لگا دی، ملک کے مختلف شہروں میں رم جھم سے موسم حسین ہوگیا، لاہور میں بادلوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں،وقفے وقفے سے جاری بارش نے شہر کا موسم سہانا بنادیا۔ ڈی آئی خان، اسلام آباد، فیصل آباد،سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی برسات سے موسم حسین ہوگیا،کوئٹہ سے کراچی کا رخ کرنے والی سرد ہواؤں کے بعد موسم سرد ہوگیا، شہر قائد میں مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل مزید برسیں گے، پشاور سمیت خبیرپختونخوا کے بیشتر شہروں میں بارش نے ٹھںڈ بڑھا دی، موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں برکھا رت کا نیا سلسلہ شروع ہوجائے گا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کےمطابق سب سے کم درجہ حرارت کالام،اسکردو،استور میں منفی 06،بگروٹ منفی 05 اور گوپس میں منفی 04 ریکارڈ کیا گیا۔