الیکشن کمیشن کا لودھراں میں انتخاب پاک فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ


اسلام آباد(24نیوز) الیکشن کمیشن نے لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب پاک فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کرلیا،پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہونگے،پاک فوج کے تعینات کرنے کےلئے مراسلہ وزارت دفاع کو بجھوا دیا گیا۔

تفصیلات  کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 154 لودھراں میں ضمنی انتخاب کا پاک فوج کی نگرانی میں انعقاد کرانے کےلئے تحریک انصاف کی درخواست منظور کرلی ہے اور باضابطہ وزارت دفاع کو ایک مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ضلع لودھراں میں ضمنی انتخاب کے لئے پاک فوج کے جوان تعینات کئے جائیں اور پاک فوج تعینات کرنے کےلئے الیکشن کمیشن آرٹیکل 220 کا حوالہ دیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوان لودھراں میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہونگے جو نتائج مرتب اور اعلان تک موجود رہیں گے۔ اسی طرح فوج کے افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات بھی حاصل ہونگے. لودھراں میں ضمنی انتخاب کےلئے فوج تعینات کرنے کےلئے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر نے بھی مراسلہ الیکشن کمیشن کو بجھوایا تھا.لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب جہانگیر ترین کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے باعث ہوگا جہاں پر اب پولنگ 12 فروری کو شیڈول ہے۔