گزشتہ روز لاہور میں سیاسی ناٹک کیا گیا: شہباز شریف

گزشتہ روز لاہور میں سیاسی ناٹک کیا گیا: شہباز شریف


لاہور (24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ روز لاہور میں سیاسی ناٹک کیا گیا، انکی نظر میرے استعفے پر نہیں بلکہ ان عوامی منصوبوں پر ہے جن کو تیزی سے مکمل کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کل مال روڈ پر جلسہ کیا گیا جس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے سربراہان آئے۔ میاں نواز شریف اور اپنی قیادت کی جانب سے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپوزیشن کے سیاسی ناٹک کا بائیکاٹ کردیا۔ گزشتہ روز جس طرح کی زبان استعمال کی گئی اس کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی قیادت اپنے صوبے میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی۔ پشاور میں جب ڈینگی آیا تو ہم نے وہاں جا کر دھرنے نہیں دیئے بلکہ عوام کی خدمت کی اور خان صاحب پہاڑوں پر جا کر بیٹھ گئے۔

نیب طلبی پر انکا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب سمیت تمام اداروں کو چیلنج کرتا ہوں کہ 1997 سے آج تک انکے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت کر دیں عوام کا ہاتھ ہوگا اور انکا گریبان ہوگا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اب صرف الیکشن میں پانچ ماہ رہ گئے ہیں یہ بچارے اب کیا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں جائیں، جب الیکشن آئیں تب ان سے مقابلہ کریں۔