شہنشاہ غزل مہدی حسن کی آج 91 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے

شہنشاہ غزل مہدی حسن کی آج 91 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے


اسلام آباد(24نیوز) شہنشاہ غزل مہدی حسن کی آج 91 ویں سالگرہ ،سروں کے بادشاہ کی غزلیں پاکستان ہی نہیں بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ، کئی بڑے بڑے گلوکار بھی انہیں اپنا استاد مانتے ہیں ۔عظیم گلوکار کی سالگرہ پر گوگل نےاپناڈوڈل بدل دیا۔

مہدی حسن نے 18 جولائی 1927 میں راجھستان کے چھوٹے سے گاؤں میں کلاسیکی موسیقی سے تعلق رکھنے والے گھرانے میں آنکھ کھولی ۔ 1935 میں ہی کم عمری میں ہی گلوکاری کا آغاز کیا۔قیام پاکستان کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کرلی ، 1957 میں ریڈیو پاکستان سے باقاعدہ سر سنگیت کے سفر پر چل پڑے۔

یہ بھی پڑھیں: سونم کپور پاکستان کی دیوانی

مہدی حسن نے 1962 میں فلم سسرال میں گیت جس نے میرے دل کو درد دیا گا کر خوب داد سمیٹی ، 1964 میں فلم فرنگی کی غزل ‘‘ گلوں میں رنگ بھرے’’ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اور کامیابیوں کا سلسلہ چل نکلا۔
شہنشاہ غزل نے اپنی زندگی میں 25 ہزار سے زائد فلمی و غیر فلمی گیت اور غزلیں گائی ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس جیسے اعزازت سے بھی دیئے گئے۔1999 میں بیماری کے سبب گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔13 جون2012 کو گلوکاری کی یہ آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔