تحریک انصاف نے ایک اور فیصلے پر یوٹرن لے لیا


اسلام آباد( 24نیوز ) تحریک انصاف نے ایک اور فیصلے پر یوٹرن لے لیا ہے، عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی جانے والی مخصوص نشستوں کی فہرستیں بدلنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مخصوص نشستوں کی نئی فہرستیں بنانے کی ذمہ داری خود لے لی اور انہوں نے پارٹی رہنما بابر اعوان کو اس حوالے سے الیکشن کمیشن قوانین سے متعلق قانونی پہلووں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی ہے، پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کی حتمی فہرستیں 11 جون کو الیکشن کمیشن میں جمع کروائی تھیں جسے بنانے میں شیریں مزاری اور منزہ حسن نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

فہرستوں میں حق دار خواتین کو نظر انداز اور منظور نظر کو نوازا گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرستوں میں حق دار خواتین کو نظر انداز اور منظور نظر کو نوازا گیا اور ریجنل صدور کی سفارشات کو بھی پس پشت ڈالا گیا جس پر شیریں مزاری اور منزہ حسن پر پارٹی کی طرف سے انگلیاں اٹھنے لگی تھیں، عمران خان نے ریجنل صدور اور امیدوار خواتین کی شکایات پر فہرستوں کا جائزہ لیا اور شکایات درست ثابت ہونے پر پہلی فہرستیں مسترد کردیں۔

  یہ بھی پڑھیں:افتخار چودھری اور ریحام خان کا اپنا کوئی قدکاٹھ نہیں:فواد چودھری
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کی فہرست بنانے میں عجلت بھی ثابت ہوئی جب کہ منزہ حسن نے لاہور الیکشن کمیشن میں فہرستیں جمع کروائیں تھیں، شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ ان کا مخصوص نشستوں کی تیاری میں کوئی عمل دخل نہیں، منزہ حسن سے عمران خان نے رائے مانگی تھی۔
شیریں مزاری کا مزید کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان، عالیہ حمزہ اور شمسہ علی نے مخصوص نشستوں کی فہرستیں تیار کیں اور فہرستیں ان ہی ناموں میں سے بنائی گئی تھیں جو ریجنل صدور نے فراہم کیں۔