ووٹرز کا ڈیٹا لیک، الیکشن کمیشن کا چیئرمین نادرا کو خط


اسلام آباد ( 24 نیوز ) ووٹرز ڈیٹا لیک ہونے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن پاکستان نے نادرا کو خط لکھ دیا۔ خط میں دوٹوک کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پہنچنے سے پہلے ہی ڈیٹا غیر متعلقہ افراد کے پاس پہنچ گیا۔

24 نیوزکے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا کو خط لکھ کر ووٹرز ڈیٹا لیک ہونے کا معاملہ اُٹھا دیا۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن پہنچنے سے پہلے ہی ڈیٹا غیر متعلقہ افراد کے پاس پہنچ گیا جو نادرا حکام نے فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کاغذات جانچ پڑتال کیلئے عمران خان، عائشہ گلالئی اور شاہد خاقان عباسی ایک ساتھ طلب 

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ معاہدہ کےتحت نادرا ووٹرز کا ڈیٹا کسی سے شئیر نہیں کر سکتا لیکن معاہدہ کی خلاف ورزی کی گئی، نادرا ڈیٹا لیک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ پاکستان تحریک انصاف پہلے ہی نادرا پر پاکستان مسلم لیگ ن کو ڈیٹا دینے کا الزام لگا چکی ہے۔

پڑھنا نہ بھولیں:  سیاسی پارٹیوں نے گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا 

نادرا نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کر کے خط پر وضاحت دے دی ہے۔ نادرا کی جانب سے دی گئی وضاحت کے مطابق ڈیٹا کسی سیاسی پارٹی کو دیا نہ ڈیٹا میں ایسا کچھ ہے جس کا انتخابات پر اثر پڑ سکے۔ ڈیٹا کا سیاسی جماعتوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

نادراترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مشاورت کے بعد خط کا تحریری جواب دیا جائے گا۔