نواز شریف اہل نہیں تھے کہ پارٹی سربراہ بن سکیں، چودھری نثار


اسلام آباد (24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن   کے ناراض رہنما اور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ 34سال نواز شریف کا بوجھ اٹھایا۔ شریف خاندان پر میرا قرض ہے۔

چکری میں انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے عوامی سے اجتماع سے چودھری نثار کا اپنے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ خود کو نواز شریف سے زیادہ اہل سمجتھا ہوں۔ تین دہائیوں تک نواز شریف کا بوجھ اٹھایا جو شریف خاندان پر قرض ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف،مریم نواز پاکستان نہیں آئینگے 

اپنے خطاب کے دوران چودھری نثار علی خان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اور مریم نواز کا کردار سامنے لانا چاہتا تھا لیکن کلثوم نواز کی خراب طبیعت کے باعث بہت سی باتیں نہیں کر سکتا۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی کے حوالے سے اور ن لیگ کے ساتھ گزرے وقت کے حوالے سے کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن میڈیا کے سامنے ایسا نہیں کہنا چاہتا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جلسہ میں آنے والے لوگوں کو کوئی گاڑی نہیں بھیجی۔ یہ سب لوگ محبت میں آئے ہیں۔ جس سے میرا دل خوش ہو گیا ہے اور مخالفین کے دلوں میں دہشت پھیل گئی ہے۔ یہ محض ایک کال پر آنے والے لوگ ہیں۔ چکری کو پانچ انگلیوں کی طرح تقسیم کردیا گیا تھا۔ آج کا جم غفیر دیکھ کر خطاب کرنے کو دل چاہا ورنہ کارنر میٹنگ کر کے چلے جانا تھا۔

پڑھنا نہ بھولیں: ووٹرز کا ڈیٹا لیک، الیکشن کمیشن کا چیئرمین نادرا کو خط 

ان کا کہنا تھا کہ آج میرے مخالفین کو علم ہونا چاہیے، چودھری نثار اکیلا نہیں ہے۔ جس کے ساتھ عوام کی محبتیں ہوں اس کی پشت کوئی نہیں لگا سکتا۔ممکن ہے ن لیگ سے راہیں جدا کر لوں۔ چاپلوسی کی سیاست نہیں کی۔ عوام مخالفین کو 25 جولائی کو جواب دیں گے۔