سینیٹ اپوزیشن لیڈر انتخاب: آصف زرداری کی باتیں، گھاتیں اور ملاقاتیں


کراچی (24 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی طرح ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بھی ہمارا ہی ہوگا۔

24 نیوز کے مطابق کراچی کا بلاول ہاؤس سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔ بلوچستان سے منتخب آزاد سینیٹ چیئرمین محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹرز نےسابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھئے: نثار، شہباز ہم آواز، مائنس نواز کا نکتہ آغاز 

سابق صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان کو بنانے پر غور کیا گیا۔ قائد حزب اختلاف کے انتخاب پر آصف علی زرداری نے بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کی حمایت حاصل کی۔

آصف زرداری نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں سے مذاکرات کریں گے جس طرح چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو کامیاب کرایا۔ اس طرح قائد حزب اختلاف بھی ہمارا ہی ہو گا۔

پڑھنا نہ بھولئے: پاکستان تحریک انصاف کا مقابلہ مافیا سے ہے، عمران خان 

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ پاکستان سمیت دیگر ساتھیوں کا بھی شکر گزار ہوں جنھوں نے مجھے اس عہدہ کے لائق سمجھا۔ ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے بھی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے آزاد سینیٹرز بھی شریک تھے۔