ایک اور اتوار کو سیاسی جلسوں کی بہار


اسلام آباد(24 نیوز) چھٹی کے روز سیاسی پارٹیاں اپنی قوت کا مظاہرہ کریں گی، جہاں عوام کا لہو گرمانے کے لئے سیاسی جماعتیں پنڈال سجا رہی ہیں وہیں کوئی سیاسی پارٹی رکنیت سازی مہم چلا رہی ہے۔

مسلم لیگ ن آج ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسہ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز سمیت پارٹی کے دیگر رہنما جلسہ سے خطاب کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی آج راولپنڈی کے علاقہ کوٹلی ستیاں میں میدان سجارہی ہے جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری سمیت دیگر مرکزی رہنما جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان پیپلز پارٹی آج کوٹلی ستیاں میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی آج کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ پارٹی کے گورننگ باڈی اجلاس کی صدارت اور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے۔ عمران خان شہر کے مختلف علاقوں میں قائم پارٹی کے رکنیت سازی کیمپوں کا دورہ اور کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔

جبکہ آج یوم تاسیس کے موقع پر بھی ایم کیو ایم پاکستان کی دھڑے بندی ختم نہ ہو سکی تاہم پی آئی بی گروپ لیاقت آباد پل اور بہادر آباد گروپ نشتر پارک میں الگ الگ جلسہ کریں گے۔ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ دو دو جگہ یوم تاسیس منانا اچھا نہیں لگ رہا، ہوسکتا ہے آج کوئی بڑا اعلان کروں۔