چابی والے کھلونے کا نواز شریف سے زیادہ کس کو پتا ہے: بلاول بھٹو


راولپنڈی(24نیوز) بلاول بھٹو زرداری کوٹلی ستیاں میں مخالفین پر خوب برسے، انھوں نے کہا جو کہتے تھے روک سکو تو روک لو، ان کو ہم نے روک کر دکھا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے کوٹلی ستیاں میں پنڈال سجایا۔ کوٹلی کے جیالوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی جلسہ گاہ میں داخل ہوئے تو  جیالوں کے جیو بھٹو کے نعروں سے پنڈال گونج اٹھا۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات سے دل ٹوٹ گیا ہے، جب یہ ہار جاتے ہیں تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے اور اب کہا جارہا ہے کہ چابی والے کھلونے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بے بی بلاول اپنے والد سے پوچھیں انکا والد ارب پتی کیسے بن گیا: عمران خان

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چابی والے کھلونے کا نواز شریف سے زیادہ کسے پتا ہے جن کی سیاست اسی چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی، مسئلہ یہ ہے کہ چابی کھلونے کے اندر ٹوٹ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں میاں صاحب رضا ربانی کو لڑائی کے لئے ڈھال بنا کر اپنی ناکامی سے چھپنا چاہتے تھے تاہم بلوچستان، سندھ، فاٹا اور خیبرپختونخوا کے سینیٹرز نے مل کر آپ کو شکست دی۔

متعلقہ خبر: پی پی رہنما اخونزادہ چٹان کے گھرمیزائل حملہ

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو تین بار وزیراعظم ہاوٴس میں رہ کر ووٹ کا تقدس نہ کر سکا وہ آج کیا کرے گا، پارلیمان کی بالا دستی اور ووٹ کی حرمت آپ کو پانامہ کے بعد کیوں یاد آرہی ہے اور ضیاء الحق کی چھتری تلے آپ کو کیوں ووٹ کا تقدس یاد نہیں آیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سازشی ہوسکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے اسٹیل مل کو برباد کیا تاکہ اتفاق فاؤنڈری کا لوہا بک سکے، یہ لیڈر اور سیاست دان نہیں بلکہ کاروباری ہیں جو صرف اپنا منافع دیکھتے ہیں۔