پاکستان سے دہشتگردوں کا کامیابی سے صفایا کیا: میجرجنرل آصف غفور


اسلام آباد(24نیوز):ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفورباجوہ نے غیرملکی اخبارکوانٹرویو میں واضح کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ سعودی عرب بھیجا گیا دستہ اسلامی فورس کا نہیں پاک سعودی باہمی سیکیورٹی تعاون کا حصہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے غیر ملکی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان سے دہشتگردوں کا کامیابی سے صفایا کیا۔ حقانی نیٹ ورک سمیت کسی دہشت گرد گروہ کو نہیں بخشا۔ جنگ میں 75ہزار جانیں قربان ہوئیں اور 123ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن رد الفساد جاری ہے۔ دہشتگردی کیخلاف حاصل کامیابیوں کے تحفظ کیلیے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے ساتھ ساتھ چوکیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ فاٹا میں پاک افغان بارڈر پر2لاکھ سے زائد فوجی تعینات ہیں۔پاک بھارت تعلقات کے سوال پر انھوں نے کہا کہ پاک، بھارت تعلقات معمول پر لانے کیلیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ بھارت کو ذمے دار ملک کا رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔فوجی دستہ سعودی عرب بھیجنے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ، سعودی عرب بھیجا گیا دستہ اسلامی فورس کا نہیں پاک سعودی باہمی سیکیورٹی تعاون کاحصہ ہے۔