"نیازی صاحب نے ملکی معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا"



لندن( 24نیوز )قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےگیس کی قیمتوں میں مزید کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قیمتوں میں اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، نیازی صاحب کی نالائقی، نااہلی اور کوتاہ نظری نے پاکستان کی معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر ایکشن لیتے ہوئے کہاکہ ہم گیس قیمتوں میں اضافے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، اضافہ کی سفارش فی الفور واپس لیا جائے، انہوں نے گیس کی قیمتوں میں مزید 45 فیصد اضافے کی سفارش کی مذمت کی،شہبازشریف کاکہناتھاکہ گیس، بجلی، پٹرول اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ مہنگائی اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30ہزار کی جائے، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم دس ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے، نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کرنے کے بجائے گھر چلا جائے، نااہل ٹیم جس قدر جلد حکومتی امور سے الگ ہو جائے اتنا ہی ملک و قوم کے حق میں بہتر ہوگا۔

شہباز شریف کامزید کہناتھاکہ قوم اس وقت سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ تبدیل ہوجائے، نیازی صاحب کی نالائقی، نااہلی اور کوتاہ نظری نے پاکستان کی معیشت کو ایشیا کی بدترین معیشت بنا دیا، وقت ثابت کر رہا ہے کہ نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں۔