عمران خان نے داورکنڈی کو پارٹی سے نکال دیا

عمران خان نے داورکنڈی کو پارٹی سے نکال دیا


(24 نیوز): ڈی آئی خان میں لڑکی کو بے لباس کرکے گھمانے کے واقعے نے پی ٹی آئی میں پھوٹ ڈال دی، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر ممبر قومی اسمبلی داور کنڈی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا۔

عمران خان نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ داور کنڈی ایک سال سے پارٹی اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف بیانات دے رہا ہے اور پارٹی کے اجلاسوں میں بھی شریک نہیں ہوتا، لڑکی کی بے حرمتی کے حوالے سے انہوں نے مجھے جو چیزیں بتائیں وہ کچھ اور تھیں۔

انہوں نے کہا کہ داور کنڈی نے علی امین گنڈا پور پر بالکل غلط الزام لگایا ہے کیونکہ میں نے آئی جی خیبر پختونخواہ صلاح الدین محسود سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں علی امین یا کسی اور کی جانب سے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ لڑکی کی بے حرمتی میں ملوث ہونے کے واقعے میں ایم پی اے علی امین گنڈا پور کے ملوث ہونے کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ علی امین کہتا ہے کہ اس معاملے میں جو بھی ملوث ہے اسے پھانسی پر لٹکا دیا جائے، علی امین گنڈا پور اس معاملے پر پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

ادھر داور کنڈی نے کہاہے کہ مجھے پارٹی سے کوئی نہیں نکال سکتا، عمران خان ہماری وجہ سے پارٹی چیئرمین ہیں۔