وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا دورہ ملتان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا دورہ ملتان


ملتان(24نیوز) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کا مختصر دورہ کیا, وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا اور زخمیوں میں ایک کروڑ 28 لاکھ اور 25 ہزار روپے کے امدادی چیکس تقسیم کئے.

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملتان ایئر پورٹ پر پہنچے، جہاں سے سخت سیکورٹی میں انہیں سرکٹ ہاوس لایا گیا، وزیر اعلی نے سرکٹ ہاوس میں ڈی جی خان بس حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاء میں فی کس 5 لاکھ اور زخمیوں میں فی کس 75 ہزار کے امدادی چیکس تقسیم کیے، حادثے میں ملتان اور مظفر گڑھ سے 21 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے تھے، وزیر اعلیٰ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے.

وزیر اعلیٰ نے ممبران اسمبلی اور انتظامی افسران سے بھی میٹنگ کی، ان کا کہنا تھا کہ ملتان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور جلد میگا ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جاۓ گا، وزیراعلیٰ نے کہا حکومت کو جنوبی پنجاب کے مسائل کا احساس ہے، اس لیے وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیا ہے، اس موقع پر اراکین اسمبلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے حکومت سے بہت امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں. 

وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد کے موقع پر سرکٹ ہاؤس میں اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گیٹ پر دھرنا دیا، جن کو پولیس نے زبردستی ہٹا دیا، وزیر اعلیٰ کی آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، سڑکیں بلاک کیے جانے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا.

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔