جعلی ڈگری رکھنے پر ایک اور ن لیگی ایم پی اے نااہل

جعلی ڈگری رکھنے پر ایک اور ن لیگی ایم پی اے نااہل


اسلام آباد( 24نیوز ) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا سے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ضیاءالرحمان کو ڈگری جعلی ہونے پر نااہل قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ میں جعلی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کی،دوران سماعت اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب ضیاء الرحمان عدالت میں پیش ہوئے تو چیف جسٹس پاکستان نے ان سے پوچھا کہ آپ نے کون سے مدرسے سے کون سا نصاب پڑھا ہے؟

ضیاءالرحمان نے بتایا کہ میں نے حدیث اور فقہ میں پڑھا ہے، اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہمیں کوئی سی پانچ احادیث عربی میں سنادیں۔(ن) لیگی رکن اسمبلی عدالت کے بولنے پر ایک بھی حدیث نہ سناسکے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ نے 1996 میں میٹرک کیا اور اسی سال مدرسے کا کورس کیا، سی سال بی اے بھی کرلیا،یہ کیسے ممکن ہے؟ مدرسے کے مہتمم نے بھی بتایا کہ آپ نے وہاں سے کوئی کورس نہیں کیا۔

عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ضیاءالرحمان کی ڈگری جعلی قرار دے کر انہیں نااہل کردیا،واضح رہے کہ ضیاءالرحمان خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 30 مانسہرہ ایک سے عام انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔