وفاقی کابینہ کا اجلاس،حکومت کے اہم فیصلے


اسلام آباد ( 24 نیوز ) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حکومت کا کراچی کے فنڈز کے استعمال پر اعتراض، جس کے باعث گورنر سندھ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہےجبکہ فاٹا کے لیے این ایف سی ایوارڈ میں تمام صوبوں کو  حصہ دینا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات سے متعلق جائزہ لیا گیا ہے، ہم فاٹا کے انضمام کی جانب بڑھ رہے ہیں،این ایف سی ایوارڈ میں چاروں صوبوں کی ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے، اس میں صوبوں کا اپنا حصہ کم کریں گے اور فاٹا کو 3 فیصد دیں گے۔

وزیراطلاعات کا  مزید کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی اور معاملات کو حل کرنا تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے، بلوچستان اور کراچی کا آگے بڑھنا ضروری ہے،شکایات ہیں کراچی کے فنڈزٹھیک طرح سے استعمال نہیں ہورہے، جس کی وجہ سےگورنر سندھ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے علاوہ غیرملکی دوروں میں 33 فی صد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزراء تین سے زیادہ غیر ملکی دورے نہیں کرسکیں گے۔

اس موقع پر وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا  کہ دوسرے ایل این جی ٹرمینل میں ڈالر ریٹرن 30 فیصد ہے،ایل این جی ٹرمینلز سے متعلق فریقین سے دوبارہ مذاکرات کریں گے۔