کرکٹ ورلڈ کپ، کھلاڑیوں کو قابو کرنے کیلئے سخت ضابطہ اخلاق تیار

کرکٹ ورلڈ کپ، کھلاڑیوں کو قابو کرنے کیلئے سخت ضابطہ اخلاق تیار


لاہور(24 نیوز) ورلڈکپ کے لئے انگلینڈ روانگی سے قبل قومی کرکٹرز کو اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی کرپشن کوڈ پر لیکچرز دئیے جائیں گے.

تفصیلات کے مطابق میگاایونٹ میں کھلاڑیوں کو قابو کرنے کے لئے سخت ضابطہ اخلاق بھی تیار کرلیا گیا۔ مشن ورلڈکپ 2019پر روانگی سے قبل پی سی بی نے شاہینوں کو قواعد وضوابط کی پابندی کا سبق پڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق انگلینڈ روانگی سے قبل شاہینوں کو اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ پر خصوصی لیکچرز دئیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈکپ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے کھلاڑیوں سخت ضابطہ اخلاق تیار کرلیا، دورہ انگلینڈ اور ورلڈکپ کے دوران کھلاڑیوں کے پرائیویٹ فنکشنز میں جانےاور غیر متعلقہ افراد سے ملنے پر مکمل پابندی ہو گی۔  کھلاڑی انگلینڈ میں مقیم اپنے عزیز واقارب سے ملاقات کے لئے بھی ٹیم انتظامیہ سے اجازت لینے کے پابند ہوں گے۔

ٹور کے دوران کھلاڑی میڈیا منیجر کی عدم موجودگی میں انٹرویو نہیں دے سکیں گے اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو اپنے ایجنٹس کی فہرست بھی پی سی بی کو فراہم کرنا ہوگی۔