بھارتی ریاست کیرالہ میں صدی کا بدترین سیلاب، سینکڑوں افراد ہلاک

بھارتی ریاست کیرالہ میں صدی کا بدترین سیلاب، سینکڑوں افراد ہلاک


کیرالہ (24نیوز) بھارت کی ریاست کیرالہ میں صدی کے سب سے بڑے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 324 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالہ میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 324 تک پہنچ گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اب بھی ہزاروں کی تعداد میں افراد لاپتہ ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے کیوں کہ لگاتار بارش سے لینڈسلائیڈنگ ہوئی ہے اور بارشوں سے ڈیموں میں پانی کا لیول بھی بڑھ گیا ہے۔ڈیموں میں پانی بڑھ جانے کی وجہ سے سپلز ویوز کھول دیئے گئے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئےہیں۔

ریاست میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے جبکہ علاقہ میں صاف پانی اور خوراک کی قلت ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر خوراک پہنچائی جارہی ہے۔ ریاست کیرالہ کی آبادی تقریبا سوا تین کروڑ ہے جبکہ انتظامیہ کے مطابق اب تک تین لاکھ سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب کیرالہ کی حکومت نے دہلی سرکار سے پانچ ارب روپے کی مدد بھی مانگ لی ہے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔