پاکستان اور چین نے ڈالر کو خدا حافظ کہہ دیا

پاکستان اور چین نے ڈالر کو خدا حافظ کہہ دیا


اسلام آباد (24نیوز)  پاکستان اور چین نے ڈالر کو خدا حافظ کہہ دیا، پاکستان اور چین نے کرنسی سویپ معاہدہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، معاہدے کے تحت دونوں ممالک تجارت کیلئے کرنسی کا باہمی تبادلہ بھی کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین نے سی پیک کے لانگ ٹرم پلان کے تحت کرنسی کے باہمی تبادلے کے معاہدہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، دونوں ممالک میں گزشتہ دور حکومت میں کرنسی سویپ معاہدہ طے پایا تھا، پاکستان اور چین نے 2030 تک اسی معاہدے کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دستاویز کے مطابق چینی تاجروں کو پاکستان میں یوآن استعمال کرنے کی اجازت ہوگی،پاکستانی تاجر بھی چین میں اپنی کرنسی استعمال کر سکیں گے، دونوں ممالک میں کسی تیسرے ملک کی کرنسی استعمال نہیں ہوگی۔

دستاویز کے مطابق سی پیک منصوبوں کی لاگت کو مقامی کرنسی میں طے کیا جائے گا، منصوبوں پر ہونے والی سرمایہ کاری، قرضوں کی واپسی اور نئے قرضوں کے اجرا کیلئے بھی دونوں ممالک میں باہمی کرنسی کا تبادلہ ہوسکے گا۔

معاہدے کے تحت اسٹیٹ بینک اور چین کے مرکزی بینک میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔