روشنیوں کے شہر میں زندگی کی 2شمعیں گُل، بھائی بہن قتل

روشنیوں کے شہر میں زندگی کی 2شمعیں گُل، بھائی بہن قتل


کراچی (24 نیوز) روشنیوں کے شہر میں دو زندگی کے شمعیں گُل کر دی گئیں۔ رشتہ کے تنازع پر فائرنگ، گھر میں گھس کر بہن بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج، والدہ اور دیگر رشتہ داروں کے بیانات قلم بند۔

تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقہ بلاول شاہ نورانی گوٹھ میں ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے خاتون سمیت دو افراد کو قتل کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے۔ لاشوں کو ضابطہ کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول تاج بی بی اور اول شیر عرف بابو خان آپس میں بہن بھائی تھے اور واقعہ رشتہ کے تنازع کے باعث پیش آیا ہے۔ دریں اثنا مقتولین کے رشتہ داروں نے شروعاتی طور پر واقعہ کا باعث ڈکیتی مزاحمت کو قرار دیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول اول شیر عرف بابو خان جرائم پیشہ ہے اور علاقہ میں جوئے کا اڈا چلاتا تھا۔ دو بار گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور علاقہ میں اپنی بہن اور ماں کے ساتھ رہتا تھا۔ پولیس نے والدہ اور دیگر رشتہ داروں کے بیانات قلم بند کر لیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں تیس بور پستول استمعال ہوا۔ موقع واردات سے گولیوں کے چار خول برآمد ہوئے ہیں۔ بہن بھائی کو دو دو گولیاں لگیں۔

واضح رہے کہ لواحقین کی جانب سے ابھی تک کسی ملزم کا نام سامنے نہیں آیا۔