عمران خان بڑی غلط فہمی کا شکار، زندہ ششی کلا کو مردہ کہہ دیا

عمران خان بڑی غلط فہمی کا شکار، زندہ ششی کلا کو مردہ کہہ دیا


اسلام آباد (24نیوز) عمران خان بڑی غلط فہمی کا شکار ہوگئے، آنجہانی بھارتی اداکارہ وسیاستدان جے للیتا سے متعلق غلط ٹویٹ کر دی، غیر ملکی صحافی کی نشاندہی پر ٹویٹ ڈیلیٹ کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور ملکی سیاست میں کپتان کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے معروف سابق کرکٹرعمران خان نے اپنے ٹویٹ میں جے للیتا کی قریبی ساتھی ششی کلا جو بھارتی جیل میں قید ہیں، کو مردہ قرار دے دیا۔ انھوں نے شوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ حال ہی میں مرنے والی بھارتی اداکارہ وسیاستدان ششی کلا کی موت کے بعد ان کے گھر سے بڑی مقدار میں سونا، جیولری اور غیر قانونی رقم برآمد ہوئی۔ جو لٹیرے سیاستدانوں کے لیے ایک سبق آموز پیغام ہے کہ لوٹ کا مال یہیں رہ جائے گا۔

امارات کے صحافی صادق ایس بھٹ نے کپتان کی غلطی کی نشاندہی کی۔ صادق ایس بھٹ نے واضح کیا کہ ششی کلا اس وقت بھارتی جیل میں قید ہیں۔ جبکہ جے للیتا کا انتقال گزشتہ برس ہوا تھا۔ انھوں نے مزید وضاحت کی کہ  سونے اور جیولری کی تصاویر جعلی تھیں۔ بعد ازاں عمران خان نے اپنی ٹویٹ ہٹا دی۔

واضح رہے کہ ششی کلا ، ان کی بہن اور بھانجا کو 66 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ پر بھارتی سپریم کورٹ نے چار سال قید کی سزا سنائی تھی۔