توہین عدالت کیس، فیصل رضا عابدی کو معافی مل گئی

توہین عدالت کیس، فیصل رضا عابدی کو معافی مل گئی


اسلام آباد ( 24 نیوز ) توہین عدالت کے معاملے پر سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی کی غیرمشروط معافی قبول کرلی،  جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی، فیصل رضا عابدی کی جانب سے تحریری معافی نامہ گزشتہ روز جمع کرایا گیا تھا۔

جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس کی سماعت کی، عدالت نے سابق سینٹر کو معاف کر دیا ۔ دوران سماعت فیصل رضا عابدی کے وکیل نے کہا کہ میرا موکل ہاتھ باندھ کر معافی مانگنا چاہتا ہےانہیں عدالت کے احترام کا پتہ چل گیا ہےفیصل رضا عابدی 70 دن سے جیل میں ہیں انہوں نے عدالت کی توقیر سے متعلق بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔  جسٹس عظمت سعید نےریمارکس دیئے کہ تھوڑی سی احتیاط کرلیا کریں عدالت نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا،  تنقید سے نہیں ڈرتے، ساری دنیا میں جائز تنقید کو برداشت کیا جاتا ہے تنقید ایک حد کے اندر ہونی چاہیے۔ 

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کے روبرو کہا کہ فیصل رضا عابدی کو عدالت میں پیش ہونا تھا، جسٹس یحییٰ آ فریدی نے استفسار کیا کہ فیصل رضا عابدی کو عدالت کے باہر سے گرفتار کیوں کیا گیا، ایڈیشنل اٹارنی نے جواب دیا کہ ایک علیحدہ کیس میں ان کو گرفتار کیا گیا جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ہمارے پاس صرف ایک معاملے میں معافی کی درخواست آئی ہے، باقی معاملات ہماری عدالت کے سامنے نہیں، عدالت نے فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول کر لی اور ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی ختم کرتے ہوئےمعاملہ نمٹادیا۔