باجوڑ ایجنسی:سیکورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام


باجوڑ ایجنسی(24نیوز) سیکورٹی فورسز نے افغان طالبان کا پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا، سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے دو خودکش حملہ آور مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے بڑے پیمانے پر اسلحہ اور گولہ بارود سمیت موبائل سمیں قبضے میں لے لیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اداروں کی نشاندہی پر باجوڑ ایجنسی کے علاقے کاغہ میں سیکورٹی فورسزنے افغانستان سے دراندازی کرکے آنے والے دو دہشت گردوں کو مار گرایا، دہشت گرد خطرہ بھانپ کر واپس افغانستان جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

اسلام آباد اور فاٹا کی طرح باجوڑ ایجنسی میں بھی آپریشن ردالفساد کے تحت سیکورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

دہشت گردوں سے اینٹی ٹینک، مقناطیسی بارودی سرنگیں، ریموٹ کنٹرول بارودی سرنگیں، مواصلاتی آلات اور افغانستان کی موبائل کمپنی کی دستخط شدہ سمیں بھی برآمد ہوئیں۔