عمران خان کے بیٹے اپنے والد کی تیسری شادی سے ناخوش


لندن (24 نیوز) عمران خان کے بیٹے قاسم خان اور سلمان خان اپنے والد کی تیسری شادی سے ناخوش اور ناراض ہیں، کیونکہ عمران خان نے اپنے بیٹوں کو بشریٰ بی بی سے شادی پر اعتماد میں نہیں لیا۔

تفصیلات کے مطابق ان کے خاندان میں یہ بات زیرِ بحث ہے کہ کیا عمران خان اپنے بیٹوں کو نئی شادی کے حوالے سے راضی کر پائیں گے۔ عمران خان نے ریحام خان سے شادی سے پہلے اپنے دونوں بیٹوں کو اعتماد میں لیا تھا اور وہ اس شادی پر راضی تھے لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ عمران خان کی بہنیں بھی اس شادی پر راضی نہیں تھیں اور انہوں نے شادی میں شرکت بھی نہیں کی۔

واضح رہے کہ اتواز کی رات پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی بشریٰ مانیکا عرف پنکی بی بی سے شادی کی تصدیق کی تھی۔ پارٹی کے مطابق مفتی سعید نے لاہور میں نکاح پڑھایا، شادی کی تقریب سادگی سے ہوئی۔ زلفی بخاری اور عون چودھری نکاح کی تقریب میں بطور گواہ شریک ہوئے۔ شادی بشریٰ مانیکا کے گھر میں ہوئی، قریبی دوستوں نے شادی کی تقریب میں شرکت کی۔