کیویز نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا


نیوزی لینڈ (24 نیوز) نیوزی لینڈ کے ہاتھوں قومی ٹیم کی ون ڈے سیریز میں وائٹ واش شکست نے قومی سپر سٹارز کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں بری طرح ناکام ہوئی ۔

تفصیلات کے مطابق کیویز کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کے بڑے ناموں کے چھوٹے درشن کا سلسلہ جاری و ساری رہا۔ پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں کوئی قومی بلے باز سنچری اسکور نہ کر سکا، سیریز میں پاکستان کی طرف سے مجموعی طور پر 10 نصف سنچریاں اسکور ہوئیں۔

بابر اعظم پانچ میچوں میں صرف 31 رنز ہی بنا پائے، اظہر علی تین میچوں میں محض 12 رنز بناسکے۔ سابق کپتان شعیب ملک چار میچوں میں محض 49 رنز ہی بناسکے۔ پانچ میچوں میں کپتان سرفراز احمد ایک نصف سنچری کی بدولت محض 79 رنز بناسکے۔ سیریز میں پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں فخرزمان چار میچوں میں دو نصف سنچریوں کی بدولت 150 اور محمد حفیظ دو نصف سنچریوں کی مدد سے 147 رنز بناکر نمایاں رہے۔ شاداب خان نے سیریز میں 140 جبکہ آخری دومیچ کھیلنے والے حارث سہیل نے 113 رنز بنائے۔

بیٹنگ کے ساتھ ساتھ کیویز کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کے باؤلرز بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ رومان رئیس نے پانچ میچوں میں 8، حسن علی نے 6،فہیم اشرف اور شاداب خان نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔