معروف صحافی اور ڈرامہ نگار منو بھائی دنیا فانی سے کوچ کر گئے


لاہور(24نیوز) معروف صحافی اور ڈرامہ نگار منو بھائی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، نمازجنازہ ریواز گارڈن میں عصر کے بعد اداکی جائے گی، صدر، وزیراعظم ، آصف زرداری ،نواز شریف اور شہبازشریف سمیت دیگر نے منو بھائی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق معروف صحافی ، ڈرامہ نگار اور دانشور منو بھائی بالاخر دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔کچھ عرصے سے گردوں اور دل کے مرض میں مبتلا تھے۔ نماز جنازہ بعد نمازعصر کے بعد ریواز گارڈن میں انکی رہائش گاہ پر ادا کی جائے گی اور تدفین میانی صاحب قبرستان میں ہوگی۔ پنجاب کے شہر وزیرآباد میں 1933 پیدا ہونے والے منو بھائی کا اصل نام منیر احمد قریشی تھا ۔ منو بھائی نے متعدد ڈرامے لکھے۔ ان کا مشہور ڈرامہ سونا چاندی تھا۔2007 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ صدرممنون حسین،وزیراعظم شاہد خاقان،آصف زرداری ،نواز شریف،وزیراعلی شہباز شریف سمیت دیگر رہنماوں نے منو بھائی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ منو بھائی نے سوگواران میں ایک بیٹا ،بیٹی اور بیوہ چھوڑی۔ منو بھائی نے جنگل اداس اورگریبان جیسی نایاب کتابیں لکھیں۔اجے قیامت نہیں آئی انکی مشہور پنجابی شاعری کی کتاب تھی۔