پاکستان کی کوششیں کامیاب,ماں کو 2 سال بعد اپنا گم شدہ بیٹا واپس مل گیا


اسلام آباد(24نیوز) پاکستان کی کوششیں کامیاب ،افغان ماں کو2 سال بعد گم شدہ بیٹا واپس مل گیا، خاندان کا پتہ چلنے پر بچے کو افغان سفارت خانے کے حوالے کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق افغان بچے عبیداللہ کو افغان سفارتخانے کے حوالے کرنے کی تقریب وزارت خارجہ میں ہوئی۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کاکہنا تھا کہ جس انداز سے عبید اللہ کی حفاظت کی گئی یہ دونوں ممالک کے لوگوں کا ایک دوسرے کے لئے پیار کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان کا مقصد پر امن افغانستان ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان ناظم الامور زردشت شمس کاکہنا تھا کہ اپنی حکومت اور عبید اللہ کے خاندان کی جانب سے پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عبید اللہ 2015 میں اسلام آباد میں گم ہو گیا تھا۔ اسی سال اسلام آباد پولیس نے بچے کو تلاش کرلیا تھا۔ عبید اللہ اپنے والدین کے ساتھ والد کے علاج کے سلسلے میں پاکستان آیا تھا۔