پارلیمنٹ کی توہین ادارے کونقصان پہنچانے کے مترادف ہے: سپیکرقومی اسمبلی

پارلیمنٹ کی توہین ادارے کونقصان پہنچانے کے مترادف ہے: سپیکرقومی اسمبلی


اسلام آباد (24 نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جس اسمبلی میں آنا ہے اسی کی بے توقیری کریں تو افسوسناک ہے۔ جو سیاستدان ایسی بات کرتے ہیں انہیں اسمبلیوں میں آکر پھر حلف اٹھانا پڑے گا۔ ہم خود حلف اٹھاتے ہیں اور خود توڑتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو الفاظ استعمال ہوئے، جس نے بھی کیے تکلیف دہ ہیں۔ افسوس بھی ہے دکھ بھی ہے۔ ہم نے اسی پارلیمان کی حفاظت کا حلف اٹھایا ہے۔ یہ ہر ایک نے سوچنا ہے کہ اس نے پارلیمان کی عزت کرنی ہے۔ ہماری پوری کوشش ہوگی پارلیمینٹ کی عزت کروائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ جمہوری سسٹم بہتر تھا یا کوئی اور۔ جمہوریت کو بار بار اکھاڑا گیا، جمہوریت کے علاوہ جو بھی سسٹم آیا ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔ پارلیمینٹ کی توہین ادارے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ بطور سپیکر اور ارکان کی اکثریت کی پوری کوشش ہوگی پارلیمینٹ کی عزت کروائیں۔

سپیکر قومی اسمبلی یہ عوام کا حق ہے کہ فیصلہ کریں کون ٹھیک ہے کون غلط۔ مسلط عوام کی رائے ہی ہوگی۔ نہ جانے عوام کی رائے کو کب اہمیت دی جائے گی۔ فیصلہ کرنا عوام کا حق ہے، چند افراد کا نہیں۔ اگر کسی اور طرف جائیں گے تو عوام کے حق پر قدغن ہوگی۔ ایوان میں یہ بات ہوتی تو شاید پھر کچھ اور طرح سے دیکھتے۔ یہ مناسب نہیں کہ باہر جو بات ہوئی اس پر ایکشن لیں۔