قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کل ہونگے

قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کل ہونگے


پشاور(24نیوز)خیبر پی کے میں ضم کیے گئے قبائلی اضلاع میں تاریخ کے پہلے صوبائی اسمبلی انتخابات کل ہوں گے، صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونے والے الیکشن کیلئے انتظامات مکمل  کرلئے گئے، انتخابی مہم گزشتہ رات ختم ہوگئی، بیلٹ پیپرز سمیت تمام انتخابی مواد آج ہی پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کردیا جائے گے۔

الیکشن کمیشن   کے مطابق پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی،  پولنگ سٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ پول کرسکیں گے،  صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں کیلئے 2 خواتین سمیت 285 امیدوار میدان میں ہیں،مجموعی طور پر 2801834 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،مرد ووٹرز کی تعداد 1671308 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1130529 ہے، انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے کل 1897 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں،مردوں کیلئے 482 اور خواتین کیلئے 376 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، 1039 پولنگ سٹیشنز مشترکہ ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 554 پولنگ سٹیشنز حساس ترین جبکہ 461 حساس قرار دیئے گئے ہیں،  882 پولنگ سٹیشنز نارمل ہیں، انتخابات کیلئے 5653 پولنگ بوتھ بھی قائم کئے گئے ہیں،مرد ووٹرز کیلئے 3437 جبکہ خواتین کیلئے 2216 پولنگ بوتھ قائم ہیں،  انتخابات کیلئے 1897 پریذائیڈنگ افسران ڈیوٹی دیں گے، 1521 مرد اور 376 خواتین پریزائیڈنگ افسران تعینات ہوں گے، پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے 5653 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران بھی تعینات ہوں گے، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران میں 3437 مرد جبکہ 2216 خواتین آفیسرز شامل ہیں۔

امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوج کے دستے تعینات رہیں گے،شکایات کے ازالے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر کے آفس میں شکایات سیل قائم کیا گیا ہے،  خواتین کے مسائل کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے،پولنگ سٹیشنز کے اندر ماسوائے پریزائیڈنگ افسران کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer