سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو مہلت مل گئی



کراچی( 24نیوز ) سندھ ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی 5 لاکھ روپے کے عیوض 7 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق  سندھ ہائیکورٹ میں ایل این جی اسکینڈل میں نامزد ملزم مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست میں مفتاح اسماعیل نے موقف اختیار کیا کہ میں نیب تحقیقات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں، نیب کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے، گرفتاری کا خدشہ ہے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے،جس پر عدالت نے مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کی 5 لاکھ روپے کے عیوض 7 دن کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے ملزمان کو 7 دن کے اندر اسلام آباد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی، سماعت سے قبل مفتاح اسماعیل نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے میں کہا کہ چھاپے مارنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، کیونکہ نیب نے جب بھی بلایا پیش ہوا ہوں، مجھے گزشتہ روز تین بجے کے بعد نوٹس ملا تھا۔

واضح رہے کہ سابق وفاقی مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل پر ایل این جی ٹرمینل کے قیام کیلئے اختیارت کا غلط استعمال کر کے قومی خزانے کو کروڑں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، گذشتہ روز سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے بعد مفتاح اسماعیل اور پی ایس او کے سابق ایم ڈی عمران الحق کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئے گئے تھے۔