امریکی صدر نیوزی لینڈ کے دہشتگرد کے متعلق کیا کہتے ہیں؟



واشنگٹن(24نیوز)  نیوزی لینڈ مساجد پر دہشت گرد حملے سے متعلق امریکی صدر میڈیا کی تنقید پربرہم ہوگئے،ٹرمپ نے کہا کہ جعلی خبروں والا میڈیا حملوں پر اُنھیں ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے اوور ٹائم کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ مساجد پر دہشت گرد حملے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر میڈیا کی تنقید سے ٹرمپ برہم ہوگئے،سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں والا میڈیا نیوزی لینڈ حملوں پر اُنھیں ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے اوور ٹائم کر رہا ہے، اِن لوگوں کو اُنھیں قصور وار ثابت کرنے کے لیے بہت محنت کرنی پڑے گی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ مساجد حملے کی کھل کر مذمت نہ کرنے پر ممتاز امریکی صحافی اور ٹی وی شو کے میزبان اینڈرسن کوپر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، صدر ٹرمپ نے نیوزی لینڈ حملے کو دہشت گردی نہیں کہا تھا اور نہ ہی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔