وسیم اکرم نے نو بال کرادی



لاہور(24نیوز) کپتان کے وسیم اکرم کی ایک اوربال،نوبال ہوگئی،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےبغیرتحقیق اور تصدیق کئے زندہ شخصیت کی تعزیت کردی۔

تفصیلات کے مطابق کمسن پائلٹ راشد منہاس شہید کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کئے بغیر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کردی اورجھوٹی خبر پر لواحقین کو صبر کی تلقین بھی کردی جبکہ اہل خانہ نے خبر کی تردید کردی،نشان حیدر پانے والے قوم کے ہیرو راشد منہاس شہید کی والدہ کے انتقال کی خبر غلط نکلی، راشد منہاس کے بھائی انجم منہاس نے والدہ کے انتقال کے متعلق خبر کی تردید کردی۔

24نیوز سے بات کرتے ہوئے انجم منہاس کاکہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کی والدہ کے انتقال کی خبر چل رہی ہے جبکہ اخبارات میں بھی یہ خبر شائع ہوئی جو سراسر غلط ہے، ان کا کہنا تھاکے والدہ علیل ہونے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹر ز نے بتایا ہے کے والدہ کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور ان کو ایک یا دو دن میں ہسپتال سے فارغ کردیا جائے گا ۔ 

سوشل میڈیا پر راشد منہاس شہید کی والدہ کے انتقال کی افواہ پھیلنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور نے بھی تعزیتی ٹویٹ کیا تھا ۔