کیوبا میں فضائی طیارہ گر کر تباہ، 110 افراد ہلاک

کیوبا میں فضائی طیارہ گر کر تباہ، 110 افراد ہلاک


ہوانا(24نیوز) کیوبا   کے شہر ہوانا میں فضائی طیارہ گر کر تباہ، حادثہ کے نتیجے میں 110 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

کیوبا حکام کے مطابق انتالیس سالہ پرانا فضائی طیارہ گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں 110 افراد ہلاک ہوگئے، طیارہ کیوبا کی قومی فضائی کمپنی کیوبن ایوی ایشن کا تھا جو کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے جوز مارٹی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافر طیارے نے کیوبا کے مشرقی شہر ہولگوئین جانا تھا تاہم اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں 104 مسافر اور عملے کے 9 ارکان موجود تھے، جن میں سے 110 جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔

کیوبا کے صدر نے واقعہ پر اطہار افسوس کیا اور کہا کہ حادثہ میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔

یاد رہے کہ سال 2017 کی نسبت رواں سال فضائی حادثوں کی تعداد زیادہ ہوتی جارہی ہے، ایک تحقیق کے مطابق گزشتہ سال فضائی حادثوں کے لحاظ سے محفوظ تھا جبکہ اس سال کیوبا میں بڑا واقعہ پیش آنے سے پہلے بھی گزشتہ ماہ الجزائر میں بڑا سانحہ پیش آیا جہاں فوجی طیارہ گر کر طباہ ہوا جس کے نتیجے میں 250 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔