سٹی نیوز نیٹ ورک احسن انداز میں عوام کی ترجمانی کر رہا ہے: سعودی سفیر


لاہور (24 نیوز): سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی نے سٹی نیوز نیٹ ورک کے آفس کادورہ کیا۔ اورچیف ایگزیکٹیو آفیسر سید محسن نقوی سمیت دیگر سینئر ارکان سے ملاقات کی۔

انہوں نے سٹی 42 کے آفس میں نیوز پروڈکشن، رپورٹنگ، ایڈیٹنگ،نیوز سٹوڈیوز سمیت مختلف شعبہ جات دیکھے۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید احمد المالکی کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی،معروف کاروباری شخصیت ظفر محمود بھی موجودتھے۔سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی نے ڈائریکٹر نیوز 24نیوز میاں طاہر، ڈائریکٹر نیوز سٹی 42 خرم کلیم، گروپ ایڈیٹر ڈیلی سٹی42 نوید چودھری اسائنمنٹ ڈیسک انچارج زین العابدین، سینئر تجزیہ کار چودھری غلام حسین سمیت دیگر سے ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے سٹی نیوز نیٹ ورک کو میڈیا انڈسٹری میں خوبصورت اضافہ قرار دیا۔ نواف سعید احمد المالکی نے کہا کہ سٹی نیوز نیٹ ورک احسن انداز میں لاہوریوں اور پاکستانی عوام کے جذبات کی بھرپور انداز میں ترجمانی کررہا ہے۔

انہوں نے زندہ دلان کے شہر کے موسم اور کھابوں کی بھی دل کھول کر تعریف کی۔ سعودی سفیر نے کہاکہ سٹی نیوز نیٹ سے ملنے والا پیار ہمیشہ یاد رہے گا۔