ربیع الاول کا چاند نظر آگیا،عید میلادالنبیﷺ یکم دسمبر کو منائی جائے گی


 لاہور(24نیوز):ربیع الاول کا چاند دیکھنے کیلئے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ اوقاف کے دفتر میں ہوا۔ اس موقع پر ڈی جی اوقاف طاہررضابخاری، ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات اجمل شاد، مفتی انتخاب نوری، عبدالغفور راشد و دیگر موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے شواہد نہیں ملے۔ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی اطلاعات پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

ربیع الاول 1439 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا، اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں اور زونل کمیٹیوں کے الگ الگ اجلاس بھی منعقد ہوئے۔ اجلاس میں چاند کی رویت کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کا جائزہ لیا گیا۔ملک بھر سے ملنے والی اطلاعات کو پرکھنے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے اور عید میلاد النبی ﷺ یکم دسمبر بروز جمعہ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔