جاپان کا پاکستان کو پولیو ویکسینشن کے حصول کیلئے مالی امداد دینے کا فیصلہ

جاپان کا پاکستان کو پولیو ویکسینشن کے حصول کیلئے مالی امداد دینے کا فیصلہ


ٹوکیو ( 24نیوز ) جاپان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کو 510 ملین امداد فراہم کرے گی اور یہ رقم پولیو ویکسین کے حصول کے لئے خرچ کی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی تعاون کی ایجنسی یونیسف اور جاپان کی بین الاقوامی تعاون کی ایجنسی نے دستخط کرتے ہوئےدستاویز کا باہمی تبادلہ کیا، اس سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صحت کے وفاقی وزیر جناب محمد عامر کیانی کا کہنا تھا کہ  وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پُر عزم ہے ،   پولیو کا خاتمہ ان کی وزارت کی ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

 انہوں نےجاپان کی حکومت اور دیگر شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے پاکستان پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکا ہے، جاپان کی حکومت کے عزم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیو کے تدارک کے لئے وزیرِ اعظم کے فوکل پرسن جناب بابر بن عطا نے کہا کہ کئی برسوں سے جاپان کی حکومت اورعوام ہمارے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں انسدادِ پولیو کا پروگرام اس وقت دنیا بھر میں صحتِ عامہ کی خدمات فراہم کرنے والے اقدامات میں بہترین اقدام تسلیم کیا جاتا ہے،  ہمیں پولیو پروگرام کی اب تک حاصل کردہ کامیابیوں پر فخر ہے اور ہم ملک میں پولیو وائرس کی گردش کو روکنےکیلئے خواہاں ہیں۔

 ان کا مزید کہناتھا کہ  اس موقع پر جاپان کی حکومت، عوام اور دیگر تمام معاون اداروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جن کے تعاون  نےہمیں گزشتہ چند سال کے دوران اس مقام پر پہنچایا جہاں آج ہم موجود ہیں۔ 

پاکستان میں جاپان کے سفیر اور مقتدرِ اعلیٰ جناب تاکاشی کُرائی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیو دراصل صحت عامہ کا ایک عالمگیر مسئلہ ہے اور انسان کو معذوری سے دوچار کرنے والی اس بیماری کو صرف ویکسین کی مدد سے روکا جاسکتا ہے، ان کا کہنا تھا  کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے جاپان کی امداد جاری ہے اور مجھے اُمید ہے کہ بہت جلد ہم پولیو سے پاک پاکستان کی اُس منزل تک پہنچ جائیں گے جو ہمیں بے حد عزیز ہے۔

 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔