پی ایس ایل 4، پشاور زلمی کےسکواڈ میں ترک کھلاڑی شامل

پی ایس ایل 4، پشاور زلمی کےسکواڈ میں ترک کھلاڑی شامل


 اسلام آباد ( 24 نیوز ) پی ایس ایل 4  میں ترکی کے دو کھلاڑی بھی پشاور زلمی کے سکواڈ کا حصہ ہوں گے، ترکی میں کرکٹ کے فروغ کے لیے چئیرمین زلمی فاونڈیشن جاوید آفریدی اور ترکش ڈیولپنگ اسپورٹس برانچ فیڈریشن کے صدر حسن ازترک نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

کرکٹ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں اہم کردار ادا کرنے لگی، پاکستان کے مثبت امیج اور دیرپا تعلقات کے لیے اسلام آباد میں ترکی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں ترکی میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے.

جاوید آفریدی کا کہنا تھا  کہ کرکٹ اب ہماری ثقافت کا حصہ ہے یہی وجہ ہے کہ گلوبل زلمی پروگرام دنیا کے 25 ملکوں تک پہنچ گیا ہے، ترکش کرکٹ ٹیم کے لیے زلمی فاؤنڈیشن اپنی خدمات پیش کرے گی ،پی ایس ایل میں دو ترکش کھلاڑی سکواڈ کے ساتھ جائیں گے۔

ترکش سفیر احسان مصطفی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ کرکٹ میں تعاون سے ترکی اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے دونوں ممالک میں مزید کھیلوں کے لیے بھی تعاون بڑھانا چاہیے.

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن پر بات کرتے ہوئے جاوید آفریدی نے کہا کہ خوشی ہوگی کہ پشاور زلمی پی ایس ایل فور میں کامیاب ہو اور اگر شاہد آفریدی ڈرافٹنگ میں آئے تو انکو ٹیم میں شامل کریں گے اس کے لیے شاہد آفریدی کو پشاور زلمی میں واپسی کے لیے پیغام بھِی بھیجا ہے.