عمران خان کا سعودی عرب میں شاندار استقبال، روضہِ رسولﷺ پر حاضری

عمران خان کا سعودی عرب میں شاندار استقبال، روضہِ رسولﷺ پر حاضری


ریاض (24 نیوز)خادم الحرمین الشریفین کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے،روضہ رسول پرحاضری دی اور عمرہ ادا کیا, وہ آج شاہی محل میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سےاہم ملاقاتیں کریں گے۔

 وزیراعظم عمران خان اپنےپہلےغیرملکی سرکاری دورے پرمنگل کو سعودی عرب پہنچے۔ مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ایئر پورٹ پران کا استقبال کیا،وفاقی وزراشاہ محمود قریشی، اسد عمر، فوادچودھری اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد پاکستانی وفد میں شامل ہیں، مدینہ آمد پروزیراعظم بغیرجوتے پہنےجہاز سے اترے اورسرزمین حجاز پراحتراما ننگے پاوں چلتے رہے۔

وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ روضئہ رسول ﷺپہنچے۔ان کی آمد پر وہاں موجود افراد نےگرم جوشی سےان کا استقبال کیا،  وزیراعظم بھی جوابا ً ہاتھ ہلاتے رہے۔ وزیراعظم نےمسجد نبوی میں نماز مغرب اور ریاض الجنہ میں خصوصی نوافل ادا کئے اورملک کی سلامتی ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔

مدینہ منورہ سےوزیراعظم مکہ مکرمہ گئے اورعمرہ ادا کیا۔وزیراعظم آج خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقات کریں گے،سعودی فرمانروا ان کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔ وزیراعظم سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد سے بھی ملاقات کریں گے ۔ذرائع کے مطابق دورہ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یو اے ای بھی جائیں گے۔