نجم سیٹھی عہدہ سے مستعفی ,احسان مانی نیا چیئرمین پی سی بی تعینات

نجم سیٹھی عہدہ سے مستعفی ,احسان مانی نیا چیئرمین پی سی بی تعینات


24نیوز: نجم سیٹھی نے چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، عمران خان نے سابق سربراہ آئی سی سی احسان مانی کونیا چیئرمین پی سی بی تعینات کردیا۔

نجم سیٹھی کا ٹویٹ پیغام میں کہنا تھا وہ نئے وزیراعظم کے حلف اٹھانے کے انتظار میں تھے نجم سیٹھی نے اپنے استعفیٰ میں لکھا کہ عمران خان کئی بار کہہ چکے ہیں وہ کرکٹ ویژن رکھتے ہیں۔سب سے بہتر ہے کہ آپ خود چارج اورذمہ داریاں سنبھالیں اوراپنے اعتماد کو انجوائے کریں، نجم سیٹھی نے وزیراعظم عمران خان کومخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے مقاصد کی مدد کرتے ہوئے وہ مستعفی ہو رہے ہیں۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹرپیغام کے ذریعے احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی تعینات کردیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے لکھا احسان مانی کرکٹ معاملات وسیع اورمفید تجربہ رکھتے ہیں۔احسان مانی تین سال آئی سی سی کے سربراہ کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا  تھا کہ نیا چیئرمین مقرر کرنا، پیٹرن ان چیف کا استحقاق ہے۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا آپ عمران خان کے آنے کے بعد چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے تو انہوں نے انتہائی محتاط انداز میں کہا تھا کہ 'میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی ذات کی خاطر عدم استحکام اور انتشار سے دوچار نہیں کرنا چاہتا، اگر مجھے عمران خان یا ان کے کسی بھی مشیر کی جانب سے یہ اشارہ مل گیا کہ وہ مجھے چیئرمین کی حیثیت سے نہیں دیکھنا چاہتے اور اپنا آدمی لانا چاہتے ہیں تو میں از خود پاکستان کرکٹ بورڈ کو خیر باد کہہ کر گھر چلا جاؤں گا۔

نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھاؤں گا جس سے پی سی بی کو نقصان ہو، کرکٹ سے میری روزی روٹی وابستہ نہیں ہے، میں ٹی وی پر اپنا شو بھی شروع کرسکتا ہوں، میں نے کوئی کوئی غلط کام نہیں کیا ہے کہ گھبراؤں۔2013 کے عام انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی تو نواز شریف کے قریب سمجھے جانے والے نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری سونپ دی گئیں جو ان عام انتخابات کے موقع پر پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی میں چیئرمین کا عہدہ خالی ہوتا ہے تو قائم مقام چیئرمین کا عہدہ پی سی بی کے الیکشن کمشنر کو مل جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی جگہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کے سابق صدر احسان مانی کو پی سی بی کا چیئرمین مقرر کیا جاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔