عمران خان نے طاہر القادری کی تحریک قصاص کی حمایت کا اعلان کر دیا


اسلام آباد (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہوں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، عمران خان کی طاہر القادری کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کیلئے حصول انصاف کی ہر کوشش کی مکمل حمایت کی یقین دہانی۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان اور طاہر القادری میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ طاہرالقادری نے تحریک قصاص کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کو آگاہ کیا۔ عمران خان کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کیلئے حصول انصاف کی ہر کوشش کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون کے استعفوں کا مطالبہ بالکل جائز اور معقول ہے۔ تحریک انصاف ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے اصولی مطالبہ کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی رپورٹ کے بعد قتل عام کے ذمہ دار پہچاننا مشکل نہیں۔ ریاستی مشینری کے ذریعہ سیاسی مخالفین کا قتل عام کسی طور گوارا نہیں۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے تحریک قصاص کی حمایت پر عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔