دورہ نیوزی لینڈ کیلئے جنید خان کے متبادل نام ہیڈ کوچ کو بھجوا دئیے گئے


لاہور (24نیوز) فاسٹ باؤلر جنید خان کے ان فٹ ہونےکے بعد قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے متبادل نام ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھجوادئیے ،اظہر علی اور محمد حفیظ کی فٹنس کا جائزہ لینے کے لئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کراچی جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر جنید خان کے ان فٹ ہونے کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے عامر یامین ،محمد عباس اور محمد عرفان کے ناموں پر غور شروع کردیا ،وہاب ریاض کا نام بھی ٹیم میں شمولیت کے لئے زیر غور آسکتا ہے۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق فاسٹ باؤلرجنید خان کے ان فٹ ہونے کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی ون ڈے اسکواڈ میں ان کے متبادل کے طورپر عامر یامین اور محمد عباس کے ناموں پر غور کر رہی ہے ،

دوسری جانب قائد اعظم ٹرافی اور ٹی 10 لیگ میں عمدہ کارکردگی کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ، فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانے والے اظہر علی اور محمد حفیظ کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے لئے چیف سلیکٹر انضمام الحق خود کراچی جائیں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کے بعد آئندہ ہفتے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔