قائداعظم ٹرافی فائنل پاکستان واپڈا، سوئی گیس کے درمیان کل ہو گا


کراچی (24 نیوز) پاکستان کا سب سے بڑا ڈومیسٹک ایونٹ قائد اعظم ٹرافی کا فائنل جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کا فائنل میچ کل پاکستان واپڈا اور سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جمعرات سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والے میچ میں مشکل صورتحال اور ناقص انتظامات کے باوجود دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایونٹ اپنے نام کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

قائد اعظم ٹرافی کا فائنل نئی گھاس اور نئی پچ پر کھیلا جائے گا جس کے حوالے سے دونوں ٹیموں کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ٹورنامنٹ میں 44 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ اول آنے والی ٹیم کو 25 لاکھ، دوئم آنے والی ٹیم کو 15 لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ مین آف دی فائنل میچ، بہترین بیٹسمین آف ٹورنامنٹ، بہترین باؤلر آف دی ٹورنامنٹ اور آل راؤنڈر کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کے انعام رکھے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ قائد اعظم ٹرافی میں کہیں خراب پیچز کہیں بال سے شکوہ اور کہیں شیڈیول سے چھیڑ چھاڑ جیسے مسائل کے باعث فائنل میں پہچنے والی واپڈا ٹیم کے کپتان اور مینیجر نے پی سی بی کے انتظامات پر تحفظات کا اظہار بھی کر رکھا ہے۔